Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

زرداری نہ جھکے گا نہ ڈرے گا،پیپلزپارٹی

کراچی...پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے پیپلزپارٹی اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کی قیادت کے خلاف پکڑ دھکڑ کو انتہائی گندی انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کٹھ پتلی حکمرانوں کے ہاتھوں میں آلہ کار بن کر رہ گیا۔ نیب کی جانب سے پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف کارروائیوں اور اپوزیشن رہنماﺅں کی گرفتاریوں پرغورکے لئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں چاروں صوبائی صدور اورپیپلزپارٹی آزاد کشمیرکے رہنماوں کا اہم اجلاس پارٹی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی زیرِ صدارت بلاول ہاوس میں ہوا۔ نیب کی جانبدارانہ کارروائیوں کوشدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فیصلہ کیا گیا بلاول بھٹو کی بجائے ان کے وکیل سوالنامہ کا جواب داخل کرائیں گے ۔اجلاس میں 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش کے جلسے کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔پیپلزپارٹی کے رہنماوں نے کہاکہ نیب نے اپنی غیر جانبداری کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی۔ نیب اور ایف آئی اے کو پیپلزپارٹی اوراپوزیشن کے خلاف روبوٹ کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی نے چار آمروں کو شکست دی ہے آصف زرداری بھی نہ ڈرے گا، نہ جھکے گا نہ تھکے گا۔ بلاول بھٹو نے اجلاس میں شریک رہنماوں کی آرا سے اتفاق کیا کہ قوم کے اجتماعی فیصلے کے خلاف اپنی کٹھ پتلیوں کو اقتدار میں لانے کے لئے شرمناک ڈرائی کلیننگ مہم چلائی گئی۔ اس کے بعد تحریک انصاف کی حکومت نے حزب اختلاف کی جماعتوں اور خصوصا پیپلز پارٹی کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔ اجلاس نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جعلی اور سطحی منصوبوں کے ڈھول تو بجا رہی ہے درحقیقت اس کی کمزور و بے سمت پالیسیوں نے مہنگائی کو آسمان پر پہنچا کر قومی معیشت کو بربادی کے سمندر میں ڈبکیاں لگانے پر مجبور کر دیا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت آمروں اور ان کے حواریوں کے ہاتھوں ہونے والے مظالم کا سامنا کرتی رہی لیکن کبھی اپنے نظریئے اور اس جدوجہد پر مصلحت کا شکار نہیں ہوئی۔ جس کا مقصد عوام کو غیرجمہوری اور جعلی جمہوریت پسندوں کے ہاتھوں جاری استحصال کا خاتمہ ہے۔ 

شیئر: