ریلوے کی ترقی کا مہینہ شروع ہوگیا‘ شیخ رشید
اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکوﺅں نے اس ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ محکمے سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کے لیے نئے اور بہتر منصوبے جن میں صحت و تعلیم بھی شامل ہوگی، شروع کرنے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے کہا کہ ایک دن میں 9 کروڑ 70 لاکھ روپے کی تاریخی آمدن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اللہ سے مدد مانگی ہے، محکمے کے منافع میں 10 ارب روپے کا اضافہ کریں گے۔ ریلوے کی ٹکٹوں کے کرایے میں اضافے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فیصلے پر 30 دن بعد نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ کرایے میں اضافے کی وجہ درآمدی قیمت کا بڑھنا ہے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ گرین لائن میں ایک کوچ اور بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان سے کراچی کے لیے دوستی ٹرینیں شروع کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 10 ٹرینیں بغیر کسی اضافی اخراجات کے شروع کی گئی ہیں۔ تمام ریلوے اسٹیشنز پر وائی فائی لگایا جائے گا۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ ریلوے کی ترقی کا مہینہ شروع ہو چکا ہے۔