ایس پی داوڑ کو قتل سے پہلے بھوکا پیاسا رکھا گیا‘ رپورٹ
جمعرات 29 نومبر 2018 3:00
پشاور: خیبر پختونخوا پولیس کے افغانستان میں قتل کئے جانے والے ایس پی طاہر داوڑ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں خوفناک انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہید ایس پی طاہر داوڑ کو قتل سے پہلے کئی دن بھوکا پیاسا رکھا گیا تھا۔ واضح رہے کہ شہید کی پوسٹ مارٹم رپورٹ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس کے حوالے کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایس پی طاہر داوڑ کی موت لاش ملنے سے چند روز قبل ہو چکی تھی اور اس وقت ان کا معدہ خالی تھا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انہیں کئی دن سے کچھ کھانے پینے کو نہیں دیا گیا تھا اور وہ بالکل بھوکے پیاسے تھے۔طاہر داوڑ کو فائرنگ کرکے شہید نہیں کیا گیا بلکہ مرنے سے پہلے ان پر شدید تشدد کیا گیا جس کے گہرے نشان ان کے جسم پر موجود تھے جبکہ ان کے بازوﺅں اور پیروں کی کئی ہڈیاں بھی ٹوٹ چکی تھیں۔ واضح رہے کہ طاہر داوڑ کو گزشتہ ماہ اسلام آباد کے علاقے G-10-4 سے اغوا کیا گیا تھا اور اغوا کار انہیں افغانستان لے گئے تھے جہاں انہیں وحشیانہ تشدد کرکے شہید کردیا گیا تھا۔