Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 20 جولائی ، 2025 | Sunday , July   20, 2025
اتوار ، 20 جولائی ، 2025 | Sunday , July   20, 2025

مسلم ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 322.2 ارب ڈالر ہوگیا، او آئی سی

جدہ.... اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے بتایا ہے کہ مسلم ممالک کے درمیان 2017ءمیں تجارت کا حجم 322.2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ 2016ءکے دوران تجارتی حجم 278.2 ارب ڈالر تک محدود تھا۔ او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے اس حوالے سے ایک رپورٹ تیار کی ہے جسے اقتصادی و تجارتی تعاون کی مجلس قائمہ کے 34 ویں سیشن میں پیش کیا جائے گا۔ اجلاس 26 تا 29 نومبر 2018ءکو استنبول میں منعقد ہونگے۔ رپورٹ میں توجہ دلائی گئی ہے کہ 2017ءکے دوران امارات، ترکی، سعودی عرب ، انڈونیشیا، ایران ، ملائیشیا، مصر ، پاکستان ، عمان اور عراق نے مسلم ممالک کے درمیان ہونے والی کل تجارت کا 74.6 فیصد کاروبار کیا۔ او آئی سی کے معاون سیکریٹری جنرل برائے اقتصادی امور حمید او بیلیرو نے بتایا کہ مسلم ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے۔ برآمدات کریڈٹ انشورنس کی سہولتیں دی گئیں۔ حلال مصنوعات کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیاگیا۔ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ علاقائی اور بین الاقوامی شرکاءتجارت کے ساتھ ربط و ضبط اور مشاورت کے حوالے سے رکن ممالک کا ساتھ دیا گیا۔ 2017ءکے دوران 28 ممالک نے مطلوبہ ہدف پورا کیا۔ ان ممالک نے جن میں پاکستان، افغانستان، مصر اور امارات شامل ہیں او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ تجارت کے حوالے سے 25 فیصد کاروبار کا ہدف حاصل کرلیا۔ او آئی سی گروپ کا عالمی تجارت میں حصہ 2014ءکے دوران 4.2 ٹریلین ڈالر تھا۔ 2017ءمیں 22 فیصد کم ہوکر 3.2 ٹریلین ڈالر رہ گیا۔ اسلامی تعاون تنظیم رکن ممالک کے یہاں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے آگہی مہم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ او آئی سی کے رکن 14 ممالک نے ایک دوسرے کو کسٹم مراعات کے حوالے سے اپنی مصنوعات کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔ 
 

شیئر: