جمہوری رہنما کے روپ میں عمران خان ہٹلر قرار
سکھر: پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ہٹلر قرار دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے یو ٹرن لینے کی حمایت میں بیان دیا تھا جس پر سیاسی و سماجی حلقوں پر ان کے حالیہ بیانیے پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔ اسی دوران سابق اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ کسی ڈکٹیٹر نے بھی خود کو کبھی ہٹلر اور نپولین سے مشابہت نہیں دی جبکہ جمہوری رہنما کے روپ میں ہٹلر ہمارے سامنے آ چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے گزشتہ روز خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا بیان سن کر لوگ پریشان ہوگئے ہیں۔ جمہوری لیڈر کے روپ میں ہٹلر سامنے آگیا، ہم کنفیوژن کا شکار ہیں کہ جمہوری لوگ ہیں یا ڈکٹیٹر کی سوچ کے لوگ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں جو زبان استعمال کی جاتی ہے اس پر شرم آتی ہے ۔ رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ تنقید کرنا اپوزیشن کا کام ہے۔ اپوزیشن تنقید نہیں کرے گی تو حکومت کیسے صحیح کام کرے گی۔