Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 17 جون ، 2025 | Tuesday , June   17, 2025
منگل ، 17 جون ، 2025 | Tuesday , June   17, 2025

پرویز الٰہی ا پنے ہی جال میں پھنس گئے ؟

کراچی (صلاح الدین حیدر) پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور ق لیگ کے رہنما پرویز الٰہی جو اکثر اپنے پیش رو شہباز شریف کے خلاف زہر اگلتے رہتے ہیں لگتا ہے اپنے ہی جال میں پھنس گئے۔ عدالت عظمیٰ نے ان کے خلاف ایک ریفرنس کی سماعت کی جس میں الزام لگایا گیا کہ انہوں نے راولپنڈی کے قریب تخت پری کے جنگل کی زمین پر زبردستی ہاتھ صاف کر ڈالا۔تخت پری، راولپنڈی شہر سے 6 کلومیٹر، گرینڈ ٹرنک روڈ پر ایک قطعہ زمین ہے جو جنگلات کے لئے مخصوص تھی، اس کا اصل رقبہ 1741 ایکڑ کے بجائے 2210 ایکڑ تھا ۔ اس قطعہ اراضی پر بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض اور محکمہ جنگلات کے افسران بالا کی ملی بھگت سے نہ صرف غیر قانونی قبضہ کیا گیا بلکہ کاغذات میں ردوبدل کر کے اس کی ریکارڈ میں تصحیح بھی کر دی گئی جو کہ سراسر خلاف قانون تھی۔ جب یہ کیس سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہوا تو جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پوچھا کہ ملک کے سب سے بڑے بلڈر کے بارے میں بہت ساری باتیں مشہور ہیں۔ اسلام آباد میں بھی ان کے خلاف کیس موجود ہے اور ایک فیصلے کے تحت ان سے 590 اراضی زمین واگزار کر لی گئی جس پر انہوں نے غیر قانونی طور پر قبضہ کرلیا تھا۔ انہوں نے اسے اونے پونے داموں خرید لیا تھا۔ یہ تو صرف ایک کیس ہے، ملک ریاض کے بارے میں تو اور بھی بے شمار مسائل موجود ہیں۔ 
5 رکنی بنچ جس کی سربراہی چیف جسٹسثاقب نثار کر رہے ہیں نے 3 دسمبر تک ریونیو افسران سے سرکاری زمینوں کا ریکارڈ طلب کرلیا ۔ کیس کی سنوائی کے دوران یہ عقدہ کھلا کہ اچھا خاصا بڑا 270 کنال (ایک کنال میں 500 مربع گز) علاقہ جنگلات کی تقسیم کے وقت پرویز الٰہی نے اپنے اہل خانہ ، جس میں چوہدری سالک الٰہی، چوہدری منیر، اور عالیہ شجاعت کو دے دیا تھا، کیا یہ محض اتفاق ہے اور اس کا نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے؟جسٹس اعجازالحسن نے حیرانی سے پوچھا۔ کوئی بھی وزیر اعلیٰ جنگلات کی تقسیم میں مداخلت کیسے کر سکتا ہے۔ جسٹس کھوسہ بھی حیران تھے 10,000 ایکڑ پر درختوں کا صفایا کرنے پر ساری زمین نئے شہر میں کیسے بدل گئی۔ وزیر اعلیٰ کا فرض ہے کہ وہ عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کی حفاظت کریں ناں کہ خود ہی بندر بانٹ میں حصے دار بن جائیں۔ کیس کا فیصلہ کیا ہوگا یہ تو نہیں معلوم لیکن پرویز الٰہی پر الزام تو آہی گیا جو ہو سکتا ہے ان کے سیاسی مستقبل پر اثر انداز ہو۔

شیئر: