اسٹرٹیجک توازن بحال کیاجائیگا ، جنرل زبیر حیات
اسلام آباد... چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات نے کہا کہ ملک کی دفاعی صلاحیت کویقینی بنانے کے ساتھ ہندکے ساتھ اسٹریٹجک توازن بحال کیا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی آبدوز کی مزاحمتی پیٹرولنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئی دہلی خطے کو غیرمستحکم کرنے کے لئے نئے آلات متعارف کروانے کی پرانی روایت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان ان چیزوں کو خاطر میں نہیں لاتا۔ یہ ہمارے لئے حیران کن نہیں اور نہ اس سے کوئی خوف ہے۔جنرل زبیر نے کہا کہ عالمی قوتیں ہندکی فوجی ترقی اور اسے جدید ٹیکنالوجی تک غیر معمولی رسائی فراہم کرکے اس کی مدد کررہی ہیں۔اس سے خطے کا استحکام اثر انداز ہوگا۔جنرل زبیر نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسی ملک سے امن اور تنازعات کے حل کی کوشش کرتا رہا ہے تاہم ماضی میں ایسی پیشکش کو ٹھکرایا بھی گیا ۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کے خواہاں ہیں جس کی مدد سے جنوبی ایشیا ایک ارب 50 کروڑ افراد کو المناک حادثات، بحران اور تنازعات سے نکلنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پرامن ، مستحکم، ترقی یافتہ اور محفوظ جنوبی ایشیا کا تصور یک طرفہ کوششوں سے حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ سیاسی اداروں کا متفق ہونا، سفارتی تعلقات کی بحالی اور مذاکرات کا عمل شروع کرنے کی ضرورت ہے۔