لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جارہی ہیں،شاہد خاقان
اسلام آباد...مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ احتساب سے نہیں گھبراتے۔چاہتے ہیں کہ احتساب ہو ¾ انتقام نہ ہو۔ ڈی جی نیب کی ڈگری جعلی ہے تو ان کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ سعد رفیق کو پیراگون اسکیم کیس میں گھسیٹنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ نیب کا قانون کالا ہے ۔ سب کی مشاورت سے تبدیل کرنا چاہیے۔ پریس کانفرنس میںنیب کے ڈی جی لاہور سلیم شہزاد کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ نیب سیاست کو کنٹرول کرنے کے لئے استعمال ہورہا ہے۔ بات بڑی سیدھی ہے کہ اگر آپ بولو گے تو نیب کا کیس بن جائے گا۔ یہ معاملہ قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق کے طور پر اٹھایا ہے۔ تمام جماعتوں نے مل کر اس تحریک کو پیش کیا ہے۔ واضح ہوگیا کہ نیب کیا کر رہا ہے اور اسے کن مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ آج لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جارہی ہیں۔ ان کی بے عزتی کی جارہی۔ یہ تاثر دیا جارہا کہ یہ لوگ بدعنوان ہیں۔انہوںنے کہا کہ اس وقت صرف ایک جماعت مسلم لیگ کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا۔ صرف مفروضات کی بنا پر الزامات لگائے جارہے۔ احتساب سے نہیں گھبراتے۔ چاہتے ہیں کہ ملک میں احتساب مسلم لیگ(ن) سے شروع ہو لیکن احتساب ہو انتقام نہ ہو۔ اگر انتقام لینا ہے تو وہ بھی لے لیں۔ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقام کا بھی سامنا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب کے ڈی جی نے جو بیان دیا اس میں کوئی حقیقت نہیں۔ کیا نیب کو اجازت ہے کہ وہ اس قسم کے معاملات پر ٹی وی بات کرے۔ حکومت کی ایما پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اگر نیب نے میڈیا ٹرائل کرنا ہے تو عوام کے سامنے کیا جائے ایک طرف ہمیں بٹھایا جائے۔ دوسری طرف بیٹھ کر ہم سے جواب لیا جائےپھر سب سچ عوام کے سامنے آجائے گا۔