کراچی: سندھ حکومت نے پیشہ ور مانگنے والوں کے خلاف بڑے آپریشن کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے گزشتہ 60 برس سے رائج ویسٹ پاکستان ویگرینسی ایکٹ 1958ء پر عمل کرتے ہوئے بھکاریوں کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے صوبے بھر میں پولیس اور مقامی انتظامیہ کو استعمال کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مرحلہ وار کارروائی کی حکمت عملی بنائی ہے، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں گداگری کے پیشے سے بچوں کو بچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ سندھ حکومت پولیس و ضلعی انتظامیہ کی مدد سے گداگر بچوں کو ویلفیئر ہوم منتقل کرے گی اور 1951ء کے چائلڈ ایکٹ کے ساتھ سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی ایکٹ کے تحت گداگربچوں کو تعلیم کی فراہمی اور سماجی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔