کابل...طالبان نے اپنے زیر اثر علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہونے والے 13 افراد کی لاشوں کے بدلے افغان پولیس چیف کے قاتل کی لاش حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا۔افغان صوبے فرح میں قبائلی عمائدین ایک ہفتے سے لاشوں کے تبادلے کے لئے مذاکرات کر رہے ہیں۔ طالبان نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے 25 افراد میں سے صرف 12 کی لاشیں افغان حکومت کے حوالے کی ہیں۔ طالبان کے زیر اثر انار درہ ضلع میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 25 افراد ہلاک ہوئے تھے۔طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے واٹس ایپ پیغام میں کہا کہ ریڈ کراس کے ذریعے ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کرنا چاہتے ہیں لیکن قندھار میں پولیس کمانڈر عبدالرازق کو قتل کرنے والے طالبان ذبیح اللہ ابو داجانا کی لاش اس کے اہل خانہ کو دی جائے۔طالبان کے پاس جو لاشیں موجود ہیں ان میں افغانستان کے مغربی صوبے کے ڈپٹی آرمی کمانڈر اور صوبائی کونسل کے سربراہ شامل ہیں۔