فواد چوہدری یا فساد چوہدری
کراچی ..وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے سندھ حکومت کے خاتمے سے متعلق بیان پر صوبائی حکومت نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ وفاقی وزیر کی جانب سے سندھ حکومت کے خاتمے کی جانب اشارہ افسوس ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان فواد چوہدری کے بیان کی وضاحت کریں۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری سندھ حکومت کے دن نہ گنیں بلکہ وفاق میں اپنی کارکردگی کی فکر کریں۔ وفاقی وزیر ایسے سنسنی خیز بیانات دے کر عوام کی توجہ وفاقی حکومت کی نااہلی سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ فواد چوہدری نے سندھ حکومت کے خاتمے کی بات کرکے وفاق کے عزائم ظاہر کر دیئے۔ وزیر بلدیات سعید غنی نے اپنے ردعمل میں کہاکہ فواد چوہدری فساد چوہدری نہ بنیں۔ کان کھول کر سن لیں۔صوبے خودمختار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق 3 دن تک یرغمال رہا اس وقت فواد چوہدری کہاں تھے۔ عمران خان نیازی نے عدلیہ اور فوج کو گالیاں دینے والوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کا مینڈیٹ چوری کر کے نیازی کی گود میں ڈال دیا گیا۔ سعید غنی نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی ملتوی کئے جانے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا کورم ٹوٹنا نیازی حکومت کے لئے باعث شرم ہے۔