ریاض ۔۔۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے مملکت میں اسپتالوں اور طبی سینٹر میں غیر ملکیوں کو ملکیت کی اجازت دے دی ۔ شاہی فرما ن کے مطابق سعودی عرب میں غیر ملکی اسپتالوں اور طبی مراکز ( پولی کلینکس ) کے مالک ہو سکیں گے ۔ الوطن اخبار نے اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہی فرمان جاری کیا ہے جس میں مملکت میں اسپتالوں اور طبی مراکز کے ملکیتی قانون میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے ۔ نئے جاری ہونے والے شاہی فرامین 2 حصوں پر مشتمل ہیں جن میں پہلا فرمان اسپتالوں اور طبی مراکز کے مالکان کے حوالے سے ہے جبکہ دوسری شق کلینکس کی ہے ۔ شق نمبر ایک میں یہ کہا گیا ہے کہ اسپتالوں اور پولی کلینکس کے مالکان کا سعودی ہونا لازمی ہے کو ختم کرکے غیر ملکیوں کو ملکیت کا حق دیا گیا ہے ۔ دوسری شق نجی کلینکس کی ہے جس کیلئے مالک کا سعودی ہونا لازمی ہے ۔ نجی کلینکس کے لئے لازمی ہے کہ سعودی مالک اسی شعبے میں اسپیشلائز ہو اور وہ کسی دوسری جگہ ملازمت نہیں کرتا ہو۔ واضح رہے کلینک اور پولی کلینک میں فرق ہے ۔کلینک کا مالک سعودی شہری ہو گا اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کار ی نہیں کر سکتے جبکہ نئے شاہی فرمان کے مطابق اسپتال اور پولی کلینک کے مالکان غیر سعودی ہو سکتے ہیں ۔