ہمیں حکومت ملی ہے اقتدار نہیں ، 57 برس کے مسائل 57دن میں حل نہیں ہو سکتے ،فیصل واوڈا
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی دوستی ہمارے لئے ہمیشہ باعث افتخار ہے ۔سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کو جو پیکج ملا ہے اس سے صورتحال میں کافی بہتری آنے کی امید ہے ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ آئی ایم ایف سے کم سے کم قرضہ لیا جائے تاکہ ملک و قوم پر اسکا بوجھ زیادہ نہ پڑے ۔ دیگر دوست ممالک کی جانب سے بھی بہترین تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ پاکستان کے حالات میں بہتری کے آثار ظاہر ہونے لگے ہیں ۔ جدہ میں پی ٹی آئی مڈل ایسٹ کے چیف آرگنائزر ذوالقرنین علی خان کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واوڈا نے مزید کہا کہ ہمارے پاس حکومت ہے مگر اقتدار نہیں جس کیلئے واضح اکثریت درکار ہوتی ہے ۔ حزب اختلاف ہماری راہ میں حائل ہے تاہم حکومت اپنے وعدے پورے کرنے کیلئے سنجیدگی سے کوشاں ہے ۔ وزیر اعظم عملی طور پر بابائے قوم کے فرمودات پر عمل پیرا ہیں ۔ عمران خان اپنے کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے ۔ عوام اس بات کو پیش نظر رکھیں کہ 57 برسوں کے جمع شدہ مسائل 57 دن میں حل کرنا ممکن نہیں تاہم عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کمیونٹی سے اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے مزیدکہا کہ پی ٹی آئی ایک نظریے کا نام ہے جس پر عمل پیرا ہیں ۔ ملک کی خاطر میں نے اپنی اور گھر والوں کی دوسری شہریت منسوخ کی ۔ اگرچہ مجھے آبی وسائل کی وزارت دی گئی ہے تاہم مجھے جہاں اور جس محکمے میں عوام کی فلاح کیلئے کام کرنا پڑا میں کروں گا اس کیلئے ہر رکاوٹ کو عبور کرنے کا عزم و حوصلہ رکھتا ہوں ۔ ملک کو اس وقت ڈیمز کی شدید ضرورت ہے جس کے لئے چیف جسٹس کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں ۔ ہمارے پیش نظر اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنا ہے جسکے لئے کوشاں ہوں ۔ عمران خان نے زندگی میں جو سوچا وہ کر دکھایا ۔ انہو ںنے ورلڈ کپ جیتنے کا عہد کیا اور بالاخر جیتا اسی طرح 22 برس قبل وزیر اعظم بننے کے بارے میں سوچا اور آج وہ پاکستان کے وزیر اعظم ہیں ۔ ان امور کو سامنے رکھتے ہوئے اس بات کا یقین رکھیں کہ عمران خان نے جو کہا ہے کہ وہ پاکستان کو ایک مثالی ملک بنائیں گے تو وہ یہ بھی کر کے دکھائیں گے ۔ پی ٹی آئی کی قیادت اپنے چیئر مین کے نظریے پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہے ۔