سندھ حکومت نے مرحوم ڈاکٹر کا تھر تبادلہ کردیا
کراچی... سندھ حکومت نے انتقال کر جانے والے ڈاکٹر کا تھرپار تبادلہ کردیا۔ ڈاکٹر طالب منگریو 2017 میں دوران سروس انتقال کر گئے تھے۔ محکمہ صحت سندھ نے اس انوکھے تبادلے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ مرحوم ڈاکٹر کو مٹھی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز اسپتال میں تعینات کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر طالب منگریو کی آخری پوسٹنگ چھور میں تھی۔مرحوم ڈاکٹر طالب منگریو کے بیٹے نے بتایا کہ والد کا انتقال دوران سروس ہوا جس کے بعد ان کی جگہ مجھے ملازمت دی گئی۔ دریں اثناء تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے محکمہ صحت میں جو بھرتیاں کی تھیں، وہ زیادہ تر گھوسٹ تھیں۔ جو ملازمین خود نہیں آتے، انہیں عام طور پر معلوم نہیں ہوتا کہ جس کا تبادلہ کر رہے ہیں وہ زندہ بھی ہے یا نہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم ملازمین کے تبادلے کرنے والا محکمہ صحت سندھ عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتا۔