ٹی ٹوئنٹی ٹرافی بورڈ اور اسپانسرز کیلئے جگ ہنسائی
جمعرات 25 اکتوبر 2018 3:00
ابو ظبی: پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے بنائی جانے والی بسکٹ نما ٹرافی نے پی سی بی اور اسپانسرز کو جگ ہنسائی کا شکار کردیا ۔ اس ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ ہی اس کے نام اور ڈیزائن، دونوں نے سوشل میڈیا پرتنقید شروع ہوگئی۔ اس ٹرافی کے ڈیزائن میں مرکزی حیثیت اس بڑے سے بسکٹ کی ہے جو وکٹوں اور گیند کے اوپر موجود ہے۔جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹویٹ کے ذریعے اس ٹرافی کی رونمائی کی تصاویر جاری کیں تو طنزیہ تبصروں کی بھرمار ہو گئی۔ اس انوکھے ڈیزائن کی ٹرافی کی تصویر سامنے آنے پر عالمی کرکٹ کونسل سے بھی نہ رہا گیا اور اس نے بھی تبصرہ کرتے ہوئے انگریزی کے جس محاور ے کا حوالہ د یا اس کا مطلب بڑی بیوقوفی ہوتا ہے اور کہا کہ یہ ٹرافی اس محاورے کی نئی شکل ہے۔ایک آسٹریلوی صارف نے اس ٹرافی پر تبصرہ کیا کہ تاریخ میں اس سے زیادہ عجیب ٹرافی نہیں ہو سکتی۔ ایک صارف شمائلہ نے ٹویٹ کی کہ اس کی کیا تک تھی؟ ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی رافیل نڈال اپنی جیتنے والی ٹرافیوں کے ساتھ انھیںچباتے ہوئے تصاویر لینے کیلئے مشہور ہیں اور ظاہر تھا کہ سوشل میڈیا کے منچلے ایسے موقع کہاں جانے دیتے ہیں۔ مزے کی بات یہ ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئی ایسی مضحکہ خیز ٹرافی ڈیزائن کی ہو۔آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے بنائی جانے والی ٹرافی جس کمپنی کی جانب سے تھی ٹرافی میں بھی اس کے نام کا حرف شامل تھا جس پر سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں