بلاول نے سندھ کے وزرا کو وارننگ دیدی
کراچی ...پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو سندھ حکومت سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔صوبائی وزرا کو توقعات پر پورا اترنے کے لئے دن رات کام کرنا ہوگا۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین سے جمعہ کوسندھ کابینہ میں شامل وزراءاور معاونین نے ملاقات کی۔بلاول نے کہا کہ پارٹی منشور کے تحت کابینہ کے لئے اہداف مقرر ہیں۔ کابینہ اراکین اہداف مکمل کرنے کے لئے پالیسی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی کو سب دیکھ رہے ہیں، جو کابینہ ممبر عوام کی امنگوں پر پورا نہیں اترے گا اسے تبدیل کیا جائے گا۔پیپلزپارٹی کی حکومت کی کارکردگی دوسرے صوبوں کے لئے مثال ہونی چاہئے۔بلاول نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے ہمارا سفر جاری رہے گا۔غریب عوام عمران خان سے مایوس ہورہے ہیں۔ جس طرح اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کیا گیا اس سے شک پیدا ہوتا ہے۔شہباز شریف کا دفاع نہیں کررہا لیکن انتقامی سیاست ہم نے دفن کردی تھی۔