اسلام آباد: لاہور میں قبضہ مافیا کے سرغنہ منشا بم کے بیٹے طارق منشا کی حفاظتی ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ نے 5 روز کے لیے منظور کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر نے طارق منشا کی 24 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے 24 اکتوبر کو ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس حوالے سے طارق منشا کی جانب سے 5 ہزار کے مچلکے جمع کرائے گئے۔اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمایندوں سے بات چیت کرتے ہوئے طارق منشا نے کہا کہ لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران اور پولیس کے ایس ایچ اوز مسلم لیگ ن کے حامی ہیں جس کی وجہ سے ہماری زمینوں پر قبضے کے لیے جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین ن لیگ سے ملے ہوئے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ میرے والد کا نام منشا بم نہیں، منشا کھوکھر ہے۔