حکومتی مشنری ہمارے خلاف استعمال ہوئی،ثمر بلور
پشاور...عوامی نیشنل پارٹی کی نو منتخب رکن اسمبلی اور شہید ہارون بلور کی بیوہ ثمر ہارون بلور نے سانحہ یکہ توت کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی سمیت تمام فورمز پر آواز اٹھائی جائے گی ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام اور پارٹی کارکنوں کی انتھک محنت پی کے78کی نشست جیتنے کا سبب بنی ۔ پی کے78میں میری جیت دراصل ہارون بلور شہید کی فتح ہے ۔ہارون بلور کو مارنے والے سین پر نظر نہیں آئے ۔ ایف آئی آر کس کے خلاف درج کراتے ۔ثمر بلور نے کہا کہ عوام نے شہید ہارون بلور کے قتل کا بدلہ بیلٹ کے ذریعے لے لیا ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تمام حکومتی مشینری ہمارے خلاف استعمال کی گئی ۔اس کے باوجود عوام نے ضمنی الیکشن میں بلور خاندان پر اعتماد کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست کو گالی بنا دیا گیا ۔ میں اب بھی اپنے خاندان والوں کو دہشت گردی کا نشانہ سمجھتی ہوں ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ میں آواز اٹھاوں گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت2 ماہ میں بے نقاب ہو گئی ۔ عوام جان چکے ہیں کہ الیکشن سے پہلے صرف جھوٹے اور فریبی نعرے لگائے گئے حالانکہ حقیقت اس کے بر عکس ہے۔