عمران خان سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات
اسلام آباد... وزیراعظم پاکستان عمران خان سے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کو درپیش کئی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نیلم جہلم منصوبے کے عوامل،منگلا ڈیم اپ ریزنگ متاثرین ،ترقیاتی بجٹ،کوہالہ پراجیکٹ سے متعلق امور،کنٹرول لائن متاثرین سے متعلق معاملات سے متعلق آگاہ کیا۔راجہ فاروق حیدر نے حکومت کی2سالہ کارکردگی اور اصلاحات کے بارے میں بھی بتایا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبے میں دریائے نیلم کا رخ موڑنے کی وجہ سے نہ صرف علاقہ شدید ماحولیاتی مسائل سے دوچار ہوا ہے۔ اس کے ساتھ مظفرآباد اور ملحقہ آبادیوں کو پینے کے پانی کے مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے فوری حل کیلئے 3 جھیلوں کی فوری ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دریا میں ایک خاص مقدار میں پانی چھوڑا جانا بھی اشد ضروری ہے تاکہ آبی حیات کو خطرات لاحق نہ ہوں۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان کو منگلا اپ ریزنگ متاثرین کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان کو کوہالہ منصوبے کا از سر نو جائزہ لینے کی تجویز دی تاکہ مستقبل میں نیلم جیسی صورتحال سے بچا جا سکے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے ترقیاتی بجٹ سے متعلق بھی بتایا اور کہا کہ رواں منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ترقیاتی بجٹ کا تسلسل ناگزیر ہے۔13 ویں آئینی ترمیم کا ذکر کرتے ہوے کہا کہ کشمیر کونسل کے انتظامی اور مالی اختیارات کی حکومت کو منتقلی پر تمام سیاسی قیادت کا اتفاق ہے۔انہوں نے کہا کہ ترمیم سے کشمیر کونسل میں موجود بدانتظامی اور کرپشن کا سدباب ہوا ہے۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان کو بتایا کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کا کام جن میں زیادہ فوکس اسکولوں کی تعمیر پر ہے۔ فنڈز نہ ہونے سے تعطل کا شکار ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے آزاد کشمیر کے انتظامی اور مالی معاملات حل کرنے کا یقین دلایا۔