18انٹر نیشنل این جی اوز کو پاکستان چھوڑنے کا حکم
اسلام آباد .. حکومت نے 18 بین الاقوامی این جی اوز کو60 دن میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا جبکہ 72 انٹرنیشنل این جی اوز پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ 18 این جی اوزمیں سے 10 کا تعلق امر یکہ ، 3 کا برطانیہ اور2 کا ہالینڈ سے ہے ۔آئرلینڈ، ڈنمارک، اٹلی اور سوئٹزرلینڈ کی ایک ایک این جی او شامل ہے۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے 141 این جی اوز کو پاکستان میں کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی ان میں 66 غیر ملکی این جی اوز شامل ہیں۔ 72 این جی اوز کے کاغذات کو نامکمل قرار دے کر انہیں کاغذات مکمل کرنے کیلئے مہلت دی گئی ہے۔68 انٹرنیشنل این جی اوز نے پاکستان کے قواعد وضوابط تسلیم کر لئے جس کے تحت انہیں وزارت داخلہ کی آڈٹ فرمز سے سالانہ آڈٹ کرانا ہوگا۔ پابندی کا شکار این جی اوز پاکستان میں تعلیم ،غربت کے خاتمے ،صحت ،انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے منصوبوں پر کام کررہی تھیں ۔ان میں سر فہرست ”سیف دی چلڈرن“ ہے۔