شہباز شریف 10روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے
لاہور... احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔نیب نے آشیانہ ہاوسنگ کرپشن کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔ نیب نے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست کی تاہم احتساب عدالت نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز شریف کو نیب کے حوالے کردیا۔مسلم لیگ (ن) کے صدر کو نیب کے دفتر منتقل کردیا گیا جہاں وہ 16 اکتوبر تک تحویل میں رہیں گے۔ ان سے کیس میں مزید تفتیش کی جائے گی۔نیب کے مطابق شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے آشیانہ ہاوسنگ منصوبے میں میرٹ پر ٹھیکہ لینے والی کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کرا کے من پسند کمپنی کو ٹھیکا دلوایا جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سیکڑوں کارکن احتساب عدالت پہنچ گئے۔ گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ نیب اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔