مشاہد اللہ لوڈر سے سینیٹر بن گئے، فواد چوہدری
اسلام آباد...وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی آئی اے میں لوڈر بھرتی ہونے والے مشاہد اللہ خان نواز شریف کا سامان اٹھاتے اٹھاتے سینیٹر بن گئے۔13رشتہ داروں سمیت سیکڑوں افراد کو پی آئی اے میں بھرتی کرایا۔ اس طرح کی بھرتیوں سے آج یہ ادارہ 356ارب کے خسارے میں ہے ۔وہ کونسلر بننے کے اہل نہیں بلکہ پاکستان کی سیاست پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔ حقائق سامنے آنے دیں پھر فیصلہ کریں گے کہ معافی ہم نے مانگنی ہے یا انہوں نے قومی دولت چوری کرنے پر قوم سے معافی مانگنی ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ قوم نے تحریک انصاف کو لٹیروں کا احتساب کرنے کے لئے ووٹ دیئے ہیں ۔بند کمروں میں ڈاکووں سے معافیاں مانگنے کے لئے نہیں دیئے۔ جتنا بڑا چور ہوتا ہے اس ملک میں اس کا اتنا ہی بڑا استحقاق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والے کو ڈاکو نہ کہیں تو کیا کہیں۔ عوام یہاں بھوک سے مر رہے ہیں ۔ بڑے بڑے ڈاکووں کے ہرنیہ کے آپریشن پر30لاکھ قومی خزانے سے خرچ کر دیئے جاتے ہیں مشاہد اللہ جیسے لوگوں کی وجہ سے سیاستدان بدنام ہیں یہ ملکی سیاست پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مشاہد اللہ خان نے اپنے بھائی کو نیو یارک میں مارکیٹنگ ڈائریکٹر لگوایا جس کی نا تجربہ کاری سے نیو یارک سے پی آئی اے کی سروس ہی بند ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں یہی حقائق بتانے آیا تھا لیکن اپوزیشن کے شور شرابے کی وجہ سے حقائق بتانے نہیں دیئے گئے۔ ایک مرتبہ تمام حقائق ایوان اور عوام کے سامنے رکھ دوں پھر فیصلہ کر لیں کہ معافی میں نے مشاہد اللہ خان سے مانگنی ہے یا انہوں نے قومی دولت لوٹنے پر قوم سے مانگنی ہے۔