پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کی حمایت کردی
اٹک: ضمنی انتخابات کے لیے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی پنجاب 3 پر پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کی حمایت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے سابق وزیر مملکت برائے دفاعی پیداوار سردار سلیم حیدر، ٹکٹ ہولڈرز حاجی اختر اور دیگر نے فتح جنگ میں تحریک انصاف کے رہنماﺅں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کی جانب سے زلفی بخاری کے والد واجد بخاری اور رکن صوبائی اسمبلی یاور بخاری نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ اس حمایت میں پی ٹی آئی کے رہنما اور عمران خان کے دوست زلفی بخاری نے اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ مذکورہ دونوں حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 14 اکتوبر کو ہوگی۔