سندھ اسمبلی میں غیر ذمہ دارانہ بیان کی مذمت
بلاول بھٹو زرداری واقعہ کا فوری نوٹس لیں، شمشاد صدیقی
ریاض( ذکاء اللہ محسن) پاک سرزمین فورم مڈل ایسٹ کے چیف آرگنائزر شمشاد علی صدیقی، ڈپٹی آرگنائزر ڈاکٹر نعیم خان صدر ریاض ریجن حنیف بابر آرگنائزر متحدہ عرب امارات محمد عاطف اور مجلس عاملہ کے تمام اراکین نے سندھ کے سابق وزیر داخلہ انور سیال کے گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے فلور پر غیر ذمہ دارانہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے انکے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران بڑی محنت سے سندھ میں لسانی آگ کو ختم کرتے ہوئے شہروں میں بھائی چارے کی فضا قائم کی تھی جسے اب اس قسم کے جاہلانہ بیانات سے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ایک بار پھر سندھ کو لسانیت کی آگ میں دھکیلا جا رہا ہے۔ تاہم پاک سرزمین پارٹی کی اعلیٰ قیادت ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہو نے دے گی۔