Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 28 جولائی ، 2025 | Monday , July   28, 2025
پیر ، 28 جولائی ، 2025 | Monday , July   28, 2025

اللہ تعالیٰ سعودی عرب اور اسکے عوام کو ہر برائی سے محفوظ رکھے، شاہ سلمان بن عبدالعزیز

جدہ.... سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو کابینہ کے قصر السلام میں منعقد ہوا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے صدارت کی۔ انہوں نے اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور اسکے عوام کو بے شمار نعمتیں عطا کرنے پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں اور اسکے حمد و ثناءخواں ہیں۔ شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ کے ہاتھوں مملکت کے قیام کے بعد سے لیکر اب تک اللہ تعالیٰ ہمیں نعمتوں سے نہال کئے ہوئے ہے۔ ہمارا ملک مسلسل ترقی کررہا ہے۔ اس پر ہم اللہ کے شکر گزار ہیں۔الیوم الوطنی کے موقع پر بانی مملکت شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ کو انکے عظیم الشان کارناموں پر فخر و ناز کیساتھ خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے وطن عزیز کے پراگندہ شیرازے کو جمع کرکے زندگی کے مختلف شعبو ں میں قرآن و سنت پر اسکی بنیادیں استوار کیں۔انکے فرمانروا صالح بیٹوں نے انکے بعد ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھا۔ آج تک اسکا سلسلہ چل رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سعودی عرب قومی اتحاد اور بین الاقوامی حیثیت بنائے ہوئے ہے۔ عربوں اور مسلمانوں کی خدمت میں لگا ہوا ہے۔ حرمین شریفین کی تعمیر و توسیع، انکے زائرین کی خدمت، آرام و راحت، حق کی نصرت، ضرورت مندوں کی مدد اور متاثرین کو انسانیت نواز اشیاءکی فراہمی کو اپنا شیوہ بنائے ہوئے ہے۔ دنیا بھر میں امن و استحکام کے رشتے راسخ کرنے میں موثر حصہ لے رہا ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مملکت اور اسکے عوام کو ہر برائی سے محفوظ رکھے۔ امن و استحکام اور خوشحالی کی نعمتیں سدا برقرار رکھے۔ شاہ سلمان نے مملکت کے 88ویں یوم الوطنی کے موقع پر شاندار جشن منانے اور مبارکباد دینے پر سعودی عوام اور برادر و دوست ممالک کے قائدین کے لئے قدرومنزلت اور تشکر کے جذبات کا اظہار کیا۔ شاہ سلمان نے کابینہ کے ارکان کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ اپنے مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹراٹیجک تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقو ںپر مذاکرات موثر رہے۔وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر عواد نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے دیہی ، زرعی ترقی کے پروگراموں کیلئے 7ارب 350ملین ریال کی منظوری دی۔ یہ رقم 7برس میں ادا کی جائیگی۔ علاوہ ازیں نخلستان کے فروغ کیلئے250ملین ریال کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ایک ارب 500ملین ریال دیہی ترقی کے پروگرام کی لاگت کے طور پر مقرر کئے۔کابینہ نے وزیر تجارت کو کمرشل اتاشی کے قیام سے متعلق روس کیساتھ معاہدے اور مذاکرات کا اختیار تفویض کیا۔کابینہ نے وزیر یا بدرجہ وزیرعہدیدار یا سابقہ وزیر کے خلاف فوجداری مقدمے کی کارروائی سے متعلق قانون میں ترمیم منظور کرتے ہوئے واضح کیا کہ دو برس گزرنے کے بعدان میں سے کسی کے خلاف مقدمے کی شنوائی نہیں ہوگی۔

شیئر: