ضمنی الیکشن میں مشترکہ امیدوار لانے کی تجویز
اسلام آباد ... ن لیگ نے تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینے کے لئے پیپلزپارٹی سے پھر رابطہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق کی قیادت میں ن لیگ کے وفد نے پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری سے ملاقات کر کے نواز شریف کا پیغام پہنچایا ہے ۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے کردار اور ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ نے پیپلزپارٹی کو مشترکہ امیدوار لانے کی تجویز پیش کی ہے۔ ظفرالحق نے کہاکہ متحدہ اپوزیشن کے تحت پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موثر انداز میں آواز بلند کی جا سکتی ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیاں رابطے مزید بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات سے متعلق نواز شریف کو بھی بریفنگ دوں گا۔پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے اس موقع پر کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی تسلسل کے لئے پیپلزپارٹی کا کردار تاریخی ہے۔ بلاول بھٹو کی قیادت میں پارلیمنٹ میں مدبرانہ کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن اور ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوار کھڑے کرنے سے متعلق ن لیگ کا موقف پارٹی قیادت کے سامنے رکھا جائیگا۔ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے متعلق آگاہ کیا جائیگا۔