جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ،فواد چوہدری
اسلام آباد...وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کشیدگی کے باوجود سکھ یاتریوں کے لئے کرتار پور سرحد کھولنے کے لئے تیار ہیں۔ پاکستان تمام تصفیہ طلب امور پر بات چیت کے لئے تیار ہے۔ پاک وہند نے گزشتہ سات دہائیوں سے3 جنگیں لڑی ہیں مسئلہ کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان حقیقی مسئلہ ہے ۔ اپنے ہمسائے تبدیل نہیں کر سکتے ۔دونوں ملک ایٹمی قوتیں ہیں جنگ کی طرف معاملات لے جانا بیوقوفی ہو گی۔ اس لئے سوچ سمجھ کر فیصلے کرنا ہوں گے ۔ہندوستانی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاک ہند وزرائے خارجہ ملاقات کی منسوخی بدقسمتی ہے لیکن اب مستقبل کا لائحہ عمل خود ہند کو ہی تیار کرنا ہو گا ۔ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ حقیقت میں مسئلہ کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان حقیقی اور بنیادی مسئلہ ہے ۔ حالیہ دھمکیاں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی کرپشن سے توجہ ہٹانے اور بچانے کی کوشش ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے پاس ایک آپشن ہے کہ دونوں ممالک جنگ کی طرف جائیں جو کہ دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بلوچستان میں ریاستی دہشتگردی پر تشویش ہے ۔ کلبھوشن یادو کی گرفتاری پاکستان میں ہندوستانی مداخلت کا سب سے بڑا ثبوت ہے ۔ اب ہند کو چاہئے کہ وہ سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر مزید الزامات تراشیوں کے بجائے اپنی غلطیوں کو سدھارے ۔