عمران خان مدینہ منورہ پہنچ گئے
جدہ ... وزیر اعظم عمران خان منگل کو پہلے سرکاری دورے پر منگل کی شام مدینہ منورہ پہنچ گئے ۔ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے استقبال کیا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود، وزیر خزانہ اسد عمر،وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور مشیر تجارت عبدالرزاق داودبھی ہمراہ ہیں ۔ سعودی قیادت سے ملاقات میںخطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔سعودی وزیر اطلاعات نے گزشتہ ہفتے دورہ پاکستان میں دعوت نامہ پہنچایا تھا ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سعودی عرب کے دورے میں عمرہ بھی ادا کریں گے۔ روضہ رسول اللہ پر حاضری دیں گے۔وزیر اعظم کے دفتر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ او آئی سی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد سے بھی ملاقات ہوگی۔ سعودی عرب کے دورے کے بعد 19 ستمبر کو وزیر اعظم اپنے وفد کے ہمراہ ابو ظبی کا دورہ کریں گے ۔وہ یہ دورہ عرب امارات کے امیر کی دعوت پر کریں گے۔