سی پیک کامیاب بنا کردکھائیں گے ،فواد چوہدری
اسلام آباد... وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سی پیک اہم اقتصادی منصوبہ ہے ا سے کامیاب بنا کر دکھائیں گے۔ موجودہ حکومت اس منصوبے کو مزید وسعت دے گی کمی نہیں کی جائے گی ۔ ففتھ جنریشن وار میڈیا کے محاذ پر لڑی جارہی ہے ۔سی پیک سے متعلق امریکی میڈیا جانبدارانہ خبریں دے رہا ہے ۔ ریاستی میڈیا کو جدید ٹیکنالوجی اور سہو لتوں سے آراستہ کرینگے۔ پی ٹی وی کے چینلز کومرحلہ وار ایچ ڈی کیا جائے گا۔پی ٹی وی اور ریڈیو اکیڈمی کو ضم کر کے اسٹیٹ آف دی آرٹ میڈیا یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ پی ٹی وی ریاستی میڈیا کے سر کا تاج ہے۔ جیسے جیسے پی ٹی وی ترقی کرے گا ویسے ویسے ریاستی میڈیا ترقی کریگا۔ وہ جمعہ کو پی ٹی وی اکیڈمی، پی ٹی وی ہوم، ریڈیو اکیڈمی، ریڈیو دوستی چینل کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکیڈمی کی عمارت میں 20 کمرے ہیں جن میں پی ٹی وی اسپورٹس کو بھی کمرے دئیے گئے ۔ پی ٹی وی اکیڈمی کے قیام کو 30 سال ہو چکے ہیں۔ اکیڈمی میں نصب زیادہ تر آلات پرانے ہوچکے ہیں۔