لندن .... گزشتہ دنوں مقامی ایئرپورٹ پر اس وقت عجیب و غریب منظر دیکھنے میں آیا جب کنٹاس ایئر کا ایک طیارہ جو پرتھ سے لندن کیلئے روانہ ہوا تھا وہ صرف 2گھنٹے کی پرواز کے بعد دوبارہ پرتھ واپس آگیا۔ لندن میں کنٹاس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پروگرام اور شیڈول کے مطابق پرتھ سے لندن تک کا سفر 17گھنٹے کا تھا اور ابھی صرف 2گھنٹے گزرے تھے کہ ایک مسافر پر جنونی کیفیت طاری ہوگئی اور وہ وحشیانہ جارحیت کا مظاہرہ کرنے لگا۔ آخر کار پائلٹ کے پاس اسکے سوا کوئی چارہ نہ رہا کہ وہ پرواز نمبر کیو ایف 9کا رخ موڑ دے اور واپس پرتھ جاکر لینڈ کر جائے۔ طیارے پر سوار مرد مسافر پہلے تو کسی بات پر فضائی عملے سے الجھا اور پھر اس کے غصے نے ساری حدیں پار کرلیں اور وہ باقاعدہ جارحیت پر اتر آیا جس سے تمام مسافر بھی ڈر گئے اور عملے کو بھی یہ خوف لاحق ہوگیا کہ کہیں اس پاگل کی وجہ سے طیارے کو کوئی حادثہ پیش نہ آجائے۔ آخر یہ طیارہ جو 7بجکر 3منٹ پر اڑا تھا2گھنٹے بعد برتھ واپس ہوا ۔