ن لیگ کی درخواست پرپارلیمنٹ کا اجلاس موخر
اسلام آباد... حکومت نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث ن لیگ کی درخواست پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کردیا۔ مشترکہ اجلاس اب پیر 17 ستمبر کو ہو گا جس سے نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔مسلم لیگ (ن) نے بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کے باعث پارلیمنٹ کا مشترکہ اور قومی اسمبلی کا اجلاس آئندہ ہفتے تک موخر کرنے کی درخواست کی تھی واضح رہے کہ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 13 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنا تھا۔ ذرائع کے مطابق سردار ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،،شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک سے رابطہ کیا اور انہیں آگاہ کیا کہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ،تدفین کے باعث ہمارے لئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت ممکن نہیں ہوگا۔ اجلاس آئندہ ہفتے تک موخر کردیا جائے۔