کابینہ میں توسیع، 6نئے وزراءنے حلف اٹھا لیا
اسلام آباد...وفاقی کابینہ میں مزید 6 وزرا اور وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا۔منگل کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 3 وفاقی وزرا اور 3 وزرائے مملکت سے عہدوں کا حلف لیا۔ وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے والوں میں علی محمد مہر، عمر ایوب اور علی حیدر زیدی شامل ہیں۔ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر نے وزیر مملکت کے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ قلمدانوں کا اعلان بعد میں کیا جائےگا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز تقریب حلف برداری کو موخر کیا گیا آخری لمحات میں سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو نے وزیر مملکت بننے سے انکار کردیا۔تحریک انصاف کے ٹکٹ پر جیکب آباد سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونےوالے محمد میاں سومرو نے وزیر مملکت برائے نجکاری بنانے کی پیشکش کو مسترد کیا،جس کے باعث وزرا کی تقریب حلف برداری موخر کی گئی۔