سی پیک کیخلاف سازش ناکام بنائیں گے،شہباز شریف
اسلام آباد...قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہاہے کہ سی پیک گیم چینجر ہے۔اسے منجمد کرنا 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے حکومت کی فیصلہ سازی کی قوت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا باقاعدہ میڈیا پر اعلان ہوا جس پر آواز اٹھائی تو وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئی ایسی بات نہیں۔ اب اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ موخر کرنے کی خبر آئی۔ حکومت فیصلہ کرکے پیچھے ہٹنے سے کیا تاثر دے رہی ہے؟ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سی پیک پر حکومت کی غیر ذمہ داری سے عوام کو دھچکا پہنچا ہے۔ سی پیک پر پی ٹی آئی حکومت کا وہی موقف ہے جو ہمارے دشمنوں کا ہے۔ منصوبے کے خلاف ہر طرح کی سازش کو ناکام بنائیں گے چینی حکام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔