پاکستان قائداعظم کے ویژن سے ہٹ گیا،چیف جسٹس
اسلام آباد... سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے حکومت کو ہدایت دینا اہم ترین فیصلہ تھا لیکن اب قوم بھی ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور اپنا قومی فریضہ ادا کرے ۔ نئے عدالتی سال کی فل کورٹ تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ بیڈ گورننس اور ناانصافی معاشرے میں سرائیت کرچکی ہے ۔ بدقسمتی سے پاکستان قائداعظم کے ویژن سے ہٹ گیا ۔ عوامی حقوق کی بالادستی کیلئے عدالت نے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی کوشش کی ۔آئین کے محافظ کے طور پر کام کرتے رہیں گے ۔ثاقب نثار نے کہا کہ عدالتوں میں کیس نمٹانے میں بھی تیزی آئی ہے ۔ پچھلے سال تقریباً 37 ہزار مقدمات زیر التواءتھے ۔سے 19ہزار پر فیصلے کردیئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کی فراہمی کیلئے نظام کی خرابیوں کو دور کرنا اور قانون کی حکمرانی اور شفافیت کو یقینی بنانا ہوگا ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میڈیا کو عدالتی فیصلوں پر تنقید کا حق ہے لیکن تضحیک کی اجازت نہیں ورنہ یہ توہین عدالت کے مترادف ہوتی ہے ۔