میڈیا اسٹریٹجی سے نوکریاں نہیں ملیں گی،ن لیگ
لاہور... سابق وزیر اطلاعات اورترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وفاقی حکومت کے میڈیا اسٹریٹجی اجلاس کی خبر پر ردِعمل میں کہا ہے کہ 100دن میں ملکی تقدیر بدلنے کے دعوے کرنے والے ہمارے وژن 2025ء کی فوٹو کاپیوں پر چل رہے ہیں۔ملک مےں مخالفےن کو سےاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی تبدےلی لائی جا رہی ہے۔ عمران خان کنٹینر والی انتقامی سوچ، تخریبی وژن اور دشنام طرازی سے آگے سوچنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔ میڈیا اسٹریٹجی اجلاس میں حکومت نے اپنی نااہلی چھپانے کے لئے حکمتِ عملی تیار کر لی۔ اجلاس میں حکومت نے یوٹرن اور جھوٹ کو اور بھی زیادہ فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ وفاقی حکومت کے میڈیا اجلاس میں پشاور میٹرو کے گڑھوں کی کرپشن چھپانے، نیب زدہ اور لوٹوں کی کابینہ کی جھوٹی امیج بلڈنگ کی میڈیا ا سٹریٹجی مرتب کی گئی۔ بجلی، گیس اور کھاد کی قیمتوں میں اضافے، عوام دشمن پالیسیوں پر پردہ ڈالنے اور اپنی مضحکہ خیز کارکردگی پر شرمندگی چھپانے کی میڈیا پالیسی تیار کی گئی۔ن لیگ کی ترجمان نے کہا کہ عمران خان کی میڈیا ا سٹریٹجی صرف کنٹینر پر کام آتی ہے۔وزیرِاعظم کی کرسی پہ بیٹھ کر کام کرنا پڑتا ہے۔ میڈیا اسٹریجی سے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر نہیں بن سکتے۔شعبدہ بازی اور جھوٹی میڈیا اسٹریٹجی سے پاکستان کے باشعور عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔بہتر معیشت کا نعرہ لگانے والوں نے بھیک کو قومی پالیسی بنا لیا۔