اسلامی ترقیاتی بینک کے سربراہ ڈاکٹر احمد محمد علی نے کہا ہے کہ امسال قربانی کے جعلی کوپن فروخت کرنے والے بعض عناصر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ ایمان فروش عناصر معصوم حاجیوں کو بے وقوف بنارہے تھے۔سیکیورٹی اداروں نے مکہ مکرمہ سمیت مشاعر مقدسہ میں جعلی کوپن فروخت کرنے والے گروہ کو گرفتار کرکے متعلقہ اداروں کے حوالے کیا ہے۔ قربانی کے کوپن میں جعل سازی کے انسداد کے لئے آئی ڈی بی نے الیکٹرونک کوپن متعارف کروائے ہیں۔ حج موسم کے آغاز سے پہلے ہی آئی ڈی بی نے تمام حج مشنوں کو قربانی کے کوپن کے حصول کا طریقہ بتادیا تھا۔ حج مشنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے حاجیوں کو قربانی کے کوپن حاصل کرنے میں رہنمائی کریں۔ آئی ڈی بی نے الیکٹرونک کوپن کے علاوہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں قربانی کے کوپن فروخت کرنے والے ادارے قائم کررکھے ہیں۔جو حاجی الیکٹرونک کوپن حاصل نہیں کرتے انہیں چاہیے کہ وہ ان مراکز سے رجوع کریں۔ انہوں نے کہا تمام حجاج اپنی قربانی کوپن خرید کر ہی کریںجو لوگ اس کے سوا کوئی اور طریقہ اختیار کرتے ہیںتو ان کے لئے مشورہ ہے کہ وہ حج کے دوران 3دن روزہ رکھیںاور 7دن اپنے گھر پہنچ کر ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ حجاج کے پاس مسنون قربانی کاایک ہی طریقہ ہے کہ وہ آئی ڈی بی کے ذریعے قربانی کریں۔ ڈاکٹر احمد محمد علی نے کہا کہ قربانی پروجیکٹ پر کام کا آغاز حج موسم ختم ہوتے ہی ہوتا ہے۔ اس کام کی تیاری میں پورا سال لگ جاتاہے۔ آئی ڈی بی ہر سال قربانی کا گوشت مکہ مکرمہ کے مستحقین تک پہنچاتا ہے۔ یہاں تقسیم کرنے کے بعد بچ جانے والا گوشت دنیا بھر کے مستحقین تک پہنچایا جاتا ہے۔