غیر متوازن غذا جلدی امراض کا سبب بن سکتی ہے
چہرے پر دانے حسن کو ماند کر نے کے ساتھ ساتھ تکلیف اور پریشانی کا باعث بنتے ہیں ۔ ان کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں ۔ بازار میں ایسی بہت سی کریمیں دستیاب ہیں جنہیں لگانے سے وقتی طور پر چہرہ صاف ہو جاتا ہے تاہم ان کا استعمال چھوڑتے ہی چہرے پر پھر سے دانے نکلنے لگتے ہیں ۔ خون کی خرابی ، غذائی عادات میں تبدیلی ، غیر متوازن خوراک کا استعمال اور جسم میں ہارمونز کا تناسب بگڑ جانا اس کی عام وجوہات ہیں ۔ خوراک جو بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتی ہے ، اگر متوازن اور درست استعمال نہ کی جائے تو مختلف بیماریوں کے چنگل میں پھنسانے کا سبب بھی بن سکتی ہے ۔ دیر ہضم غذاؤں کے متواتر استعمال سے نظام ہضم بری طرح خراب ہو کر آنتوں کے فعل کو سست بنا دیتا ہے ۔ آنتوں کی کارکردگی متاثر ہونے سے زہریلے اور فاضل و فاسد مادے خون میں شامل ہو کر پورے نظام دوران خون میں بگاڑ کا سبب بن جاتے ہیں ۔ یہ زہریلے مادے جلد پر پھوڑے ، پھنسیوں کی صورت میں ظاہر ہونے لگتے ہیں اور بعض اوقات چہرے کی حساس اور نفیس جلد پر دانے بن کر خوبصورتی کو متاثر کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں ۔ دانوں کے نشانات واضح ہونا اور بھی تکلیف کا باعث بنتا ہے ۔ ان مسائل سے بچنے کے لئے لازم ہے کہ اپنی خوراک پر توجہ دیں ۔ ابلا ہوا صاف و شفاف پانی استعمال کریں ۔ انار ، انگور ، سیب ، ٹماٹر ، گاجر ، شلجم ، چقندر اور امرود کا حسب گنجائش روزانہ استعمال کریں ۔ کھیرے ، سلاد کے سبز پتے اور بند گوبھی کا بھی روزانہ استعمال یقینی بنائیں ۔ فاسٹ فوڈ ، کولڈڈرنک ، بیکری پراڈکٹس ، چاکلیٹس اور چاول وغیرہ سے پرہیز کریں ۔ نہار منہ پیدل چلنے کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں ۔ بطور گھریلو طبی ترکیب ملتانی مٹی اور سنگترے کے چھلکے ہم وزن پاؤڈر بنا کر رات سوتے وقت کچے دودھ میں پیسٹ بنا کر چہرے پر لیپ کریں اور صبح کسی اچھے بیوٹٰی سوپ سے چہرہ دھو کر کوئی بھی معیاری کریم لگا لیں . متواتر استعمال سے بہت جلد دانے اور انکے داغ ختم ہو جائیں گے .