لگتا ہے عمران کی تربیت لالو پر ساد نے کی،خورشید شاہ
اسلام آباد ... پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران دھمکیا ں دیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں نو منتخب وزیر اعظم کی پہلی تقریر سے بہت مایوسی ہوئی۔ امید تھی کہ عمران خان اتنی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔ ان کی تقریر وزیر اعظم کی تقریر نہیں تھی۔ لگتا تھا جیسے وہ بھاٹی چوک میں جلسہ کر رہے ہوں۔ عمران خان نے اپنی تقریر میں دھمکیاں دیں اور کنٹینر کی ترغیب دی۔ قائداعظم کو اپنا آئیڈیل کہتے ہیں لیکن انہوں نے کچھ نہیں سیکھا ۔عمران خان کی تقریر سے لگا جیسے ان کی تربیت لالو پر ساد نے کی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کا ماحول ٹھیک کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اگر یہ نیا پاکستان ہے تو پھر اللہ رحم کرے۔