محمود خان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب
پشاور... تحریک انصاف کے محمود خان نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہوگئے ۔ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی زیرصدارت اجلاس کے دوران نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔وزیراعلیٰ کا انتخاب اراکین کو 2 لابی میں تقسیم کر کے کیا گیا۔ محمود خان کے حامی اراکین لابی نمبر دو اور متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میاں نثار گل کے حامی لابی نمبر ایک میں جمع ہوئے۔ اراکین کی گنتی کے بعد اسپیکر نے محمود خان کی کامیابی کا اعلان کیا ۔محمود خان نے 77 جبکہ میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کئے ۔نومنتخب وزیراعلیٰ جمعہ کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے وزیراعلیٰ ہاوس خالی کردیا۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان 2012ءمیں پی ٹی آئی کا حصہ بنے۔ صوبائی وزیر کھیل ،آبپاشی،اسپورٹس اور صوبائی وزیر داخلہ بھی رہ چکے ہیں۔