ریاض..... محکمہ شماریات نے واضح کیا ہے کہ امسال حج موسم 1439ھ کے دوران 32500سے زیادہ اہلکار صحت اور طبی خدمات حجاج کرام کو پیش کرینگے۔ محکمے نے بدھ کو اعلامیہ جاری کرکے توجہ دلائی کہ ضیوف الرحمن کو صحت خدمات فراہم کرنے والوں میں 9216خواتین بھی شامل ہیں۔ حج کے دوران مشاعر مقدسہ میں 959 سے زیادہ طبی ٹیمیں اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے والے دستے موجود ہونگے۔ محکمے نے یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب نے صحت خدمات کے لئے افرادی قوت اور مادی وسائل شایان شان طریقے سے وقف کردیئے ہیں۔ ڈاکٹر، فارماسسٹ، نرسیں ، تکنیکی عملہ اور دفتری کارکن کثیر تعداد میں ضیوف الرحمن کی خدمت کرینگے۔ انکی تعداد 29495سے زیادہ ہے۔ ضیوف الرحمن کو اوپن ہارٹ سرجری، انجیو گرافی، گردے کی صفائی اور نظام ہضم کے اسپیشل علاج سمیت جملہ سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور کی جائیں گی۔مکہ اور مشاعر مقدسہ میں 25اسپتال ضیوف الرحمن کا خیر مقدم کرینگے۔ ان میں 4814 سے زیادہ بستر ہیں۔ صحت مراکز کی تعداد 153ہے۔ مشاعر مقدسہ ، مکہ او راطراف میں فیلڈ ٹیموں کی تعداد 106ہے۔ 100چھوٹی ایمبولینسیں اور 80بڑی ایمبولینسیں مختص ہیں۔ وزارت صحت کے اسپتالوں نے یکم ذی قعدہ سے لیکر یکم ذو الحجہ تک عازمین حج کے دل کے 142آپریشن کئے۔ ان میں سے 9اوپن ہارٹ سرجری کے مریض تھے۔ علاوہ ازیں761 کے گردوں کی صفائی کی گئی۔ 568 آپریشن کئے گئے۔ سعودی ہلال احمر نے127امدادی مراکز اور 361ایمبولینسیں اور 20موٹر سائیکلیں مخصوص کی ہیں۔ 2867 سے زیادہ افراد کو امدادی ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔