انڈین جشن آزادی کی تقریب ، قونصل جنرل نے ترنگا لہرایا
کمیونٹی کو مبارکباد، انٹرنیشنل اسکول کے طلباءنے رنگا رنگ ٹیبلوز پیش کئے
جدہ( ارسلان ہاشمی ) ہندوستان کے 72 ویںجشن آزادی کی تقریب قونصلیٹ میں منعقد کی گئی ۔ قونصل جنرل نوررحمان شیخ نے صدرجمہوریہ ا ور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔ تفصیلات کے مطابق ہندوستان کے یو م آزادی کے موقع پرجدہ میں مقیم انڈین کمیونٹی نے روایتی جوش و جذبے سے جشن آزادی کی تقریب قونصل خانے میں منعقد کی ۔ تقریب کی سربراہی ہیڈ آف دی مشن نوررحمان شیخ نے کی انہو ںنے حاضرین کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرنے کے بعد قونصلیٹ میں ترنگا لہرا کر باقاعدہ تقریب کا آغاز کیا۔ بعدازاں ہندوستانی صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔ انڈین انٹرنیشنل اسکول کے طلباءنے روایتی گانے سنائے اور رنگا رنگ ٹیبلوز پیش کئے ۔قونصلیٹ میں سوتی مصنوعات کے بارے میں مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی بعدازاں قونصل جنرل نے سوتی مصنوعات کی افادیت کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کرتے ہوئے گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں ہندوستانی کمیونٹی کے علاوہ سعودیوںنے بھی شرکت کی ۔