زرداری وزارت عظمی کیلئے شہباز شریف کو ووٹ دینگے؟
اسلام آباد... سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے متحدہ اپوزیشن کے وزارت عظمی کے امیدوار شہباز شریف کو ووٹ دینے سے انکار کردیا۔ پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنماوں نے ن لیگ کی قیادت کو تجویز دی ہے کہ شہباز شریف کے بجائے ن لیگ ایاز صادق یا خواجہ آصف یا کسی اور سینیئر رہنما کا نام سامنے لائے تو وہ زرداری اور بلاول کو ن لیگ کے امیدوار کو ووٹ دینے کے لئے رضامند کرلیں گے۔ شہباز شریف نے اس معاملے پر اسپیکر کے الیکشن کے موقع پر پارٹی کے سینیئر رہنماوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد پیپلزپارٹی کو جواب دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق خورشید شاہ اور یوسف رضا گیلانی نے گزشتہ روز شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات میں تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔ ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کے لئے یہ اچھی شروعات نہیں۔ کوشش کریں گے کہ اپوزیشن اتحاد کو نقصان پہنچے بغیر کو ئی حل نکل آئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے کئی ارکان اسپیکر کے انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار خورشید شاہ کو ووٹ دینے کے حق میں نہیں۔ ووٹنگ کے وقت ن لیگ کے کئی ارکان غیر حاضر ہو سکتے ہیں۔