اسد قیصریا خورشید شاہ،اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا
اسلام آباد...ا سپیکر اورڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا الیکشن بدھ کو ہوگا ۔تمام امیدوار وں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہوگئی ۔ کاغذات درسست قرار دیئے گئے۔ اسپیکر کے لئے تحریک انصاف کے اسد قیصر اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار خورشید شاہ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر کے لئے تحریک انصاف کے قاسم سوری اور اپوزیشن کے اسعد محمود میدان میں ہوں گے۔ا سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ شماری سے ہوگا ۔پہلے مرحلے میںا سپیکر کا انتخاب ہوگا ۔ کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ہر ووٹر کو بیلٹ پیپر سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے جاری ہوگا ۔امیدوار اپنے دو دو پولنگ ایجنٹوں کے نام اسپیکر کو دے سکیں گے۔ووٹرز لسٹ کے مطابق جب تمام ووٹرز ووٹ ڈال لینگے تو اسپیکر ووٹنگ ختم ہونے کا اعلان کرینگے ۔امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔اسپیکر سب کے سامنے نتیجے کا اعلان کرینگے۔کامیاب اسپیکر سے سبکدوش اسپیکر حلف لیں گے ۔نئے اسپیکر اسی طریقہ کار کے تحت ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کروائے گا۔ قبل ا زیں تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لئے اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے قاسم سوری نے اپنے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیئے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ بھی پارٹی رہنماﺅں کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچے۔ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اوروہ متحدہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری قومی اسمبلی اورخورشید شاہ کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔ سیکرٹری قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ کے آنے سے پہلے ہم بلا مقابلہ انتخاب کا طریقہ دیکھ رہے تھے ۔خورشید شاہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ تو میرے خلاف سازش تھی۔