پرویز خٹک اور اسد قیصر نے صوبائی نشستیں چھوڑ دیں
اسلام آباد... تحریک انصاف کے رہنماوں اسد قیصر اور پرویز خٹک نے صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑ دیں۔ تحریک انصاف نے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کیا ہے جبکہ پرویز خٹک ممکنہ طور پر وزیر داخلہ ہونگے۔ نامزد سپیکر اسد قیصر نے بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے مجھ پراعتماد کا اظہارکیا ہے۔ لیڈرشپ کومایوس نہیں کروں گا۔کوشش ہوگی کہ قانون سازی میں تمام اسٹیک ہولڈرکوساتھ لے کرچلیں۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کومیرٹ پروقت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنماوں میں کوئی اختلاف نہیں۔محمود خان،پرویزخٹک،عاطف خان ہم سب عمران خان کے ساتھ ہیں۔ مل کراپنے ملک اورعوام کیلئے کام کریں گے۔پاکستان کواندرونی وبیرونی چیلنجزکاسامناہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ہمارے ارکان کی تعداد180ہے۔حکومت بنانے کی پوزیشن کو مستحکم کر چکے ہیں۔دریں اثناء عاطف خان نے خیبرپختو نخو ا میں محمود خان کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی کا عمران خان کا فیصلہ تسلیم کرلیا۔عاطف خان کے قریبی رشتے دار اور سابق سینیئر وزیر شہرام ترکئی نے کہا کہ عمران خان اور محمود خان سے کل میری اور عاطف خان کی ملاقات ہوئی ہے۔ عمران خان اور محمود خان کو بتاچکے ہیں کہ ان کےساتھ مل کر کام کریں گے۔ وزارت اعلیٰ کے معاملے پرعمران خان کا ہر فیصلہ قبول کریں گے۔ پارٹی میں گروپ بندیوں کے قائل نہیں۔ محمود خان عمران خان کا امیدوارہے کسی اور کا نہیں۔معاملات طے ہوچکے جس نے وفاق میں جانا تھا چلاگیا۔