نیب ریفرنسز،نواز شریف ،مریم اور کیپٹن صفدر کی نئی درخواست
اسلام آباد ... سابق وزیر اعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ایون فیلڈر ریفرنس میں سزامعطلی کی درخواستوں میں ترمیم کیلئے متفرق درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئی ۔ درخواست میں سزا معطلی کے ساتھ احتساب عدالت اور نیب کو فریق بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کے دوران احتساب عدالت کو فریق نہ بنائے جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈیژن بنچ نے وکیل صفائی امجد پرویز کی استدعا پر درخواست میں ترمیم کیلئے مہلت دی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں سزا معطلی کی درخواست میں احتساب عدالت کو فریق بنا کر ترمیم کے ساتھ دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 174صفحات کے عدالتی فیصلے میں کیپٹن صفدر کے خلاف صرف ایک لائن لکھی گئی جس میں سزا سنائی گئی ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے موجود ہیں جن کے مطابق 5 سال سے کم سزا پر معطلی کی درخواست منظور کی جاسکتی ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اسی بنیاد پر اس درخواست کو الگ کیا ہے۔