Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025

کینیڈا ششدر اور حیران رہ گیا

سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد “ کا اداریہ
ایسا لگتا ہے کہ آتشیں بیانات کے جواب میں سعودی عرب نے جو سخت اور فیصلہ کن موقف اختیار کیا ہے کینیڈا اس سے اچنبھے میں پڑگیا۔ کئی مغربی ممالک وقتاً فوقتاً گمراہ کن نعروں کے بہانے دخل اندازی کا شوق کرتے رہے ہیں۔ خاص طور پر انسانی حقوق کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا مغربی ممالک کا وتیرہ بنا ہوا ہے۔ یہ سب کچھ اقوام عالم کے سماجی نظام کو بکھیرنے یا اس سے ناجائز فائدہ اٹھانے یا اشتعال دلانے کیلئے کیا جاتا رہا ہے۔ بسا اوقات کئی ممالک اسکا شکار ہوگئے۔ انہوں نے اپنے مستقبل اور استحکام کے حوالے سے بھاری قیمت چکائی۔ مملکت کا معاملہ مختلف ہے۔ یہ بڑا اور موثر ملک ہے۔ اسکاعلاقائی اور بین الاقوامی اثر و نفوذ ہے۔ یہ اسلامی شریعت کی میانہ روی سے ماخوذ غیر متزلزل اصولوں پر عملدرآمد کی پالیسی پر گامزن ہے۔ سعودی عرب بین الاقوامی معاہدوں اور سمجھوتوں کا پابند ملک ہے۔ سعودی عرب انصاف کو اپنا شیوہ بنائے ہوئے ہے۔ انسانی حقوق اور وقار کا انتہا درجے خیال رکھتا ہے۔ ملزمان کو عدالت سے رجوع کرنے اور انصاف حاصل کرنے کیلئے درکار ضمانتیں فراہم کئے ہوئے ہے۔ مملکت اس سلسلے میں نظریاتی ہی نہیں عملی میدان میں بھی اپنی ایک پہچان بنائے ہوئے ہے۔ مملکت ریاستی اداروں اور قانون کا پابند ملک ہے۔ اسکے عدالتی ادارے خودمختار اور باکردار ہیں۔ سب کو انصاف فراہم کرتے ہیں۔ اس تناظر میں سعودی عرب کیلئے کسی بھی ملک کی جانب سے اپنے عدالتی فیصلوں پر نکتہ چینی کو برداشت کرنا ممکن نہیں۔ مملکت کیلئے یہ بات ناقابل قبول ہے کہ کوئی ملک زیر تحقیق ملزم کی رہائی کا اس سے مطالبہ کرے جبکہ سعودی پبلک پراسیکیوشن حراست میں لینے اور پوچھ گچھ کے حوالے سے سارے کام قاعدے ضابطے کے عین مطابق انجام دے رہا ہے۔ کینیڈانے اس طرح کا مطالبہ کرکے مملکت کے عدالتی نظام میں کھلی مداخلت کی جسے پوری قوت سے مسترد کردیاگیا۔ مسترد اسلئے کیا گیا کیونکہ سعودی عرب کو اپنی خود مختاری اور قانون کی بالادستی عزیز ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭ 
 
 

شیئر: