شہباز شریف احتجاج میں کیوں شامل نہیں ہوئے؟
اسلام آباد... عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا کمزور احتجاج دیکھ کر افسوس ہوا۔ سب جماعتیں صرف خانہ پری کیلئے حاضری لگوانے گئی تھیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی غلط فہمی تھی کہ جیل جانے سے ووٹ ملیں گے۔اب ڈیل کرکے باہر جانا چاہتے ہیں ۔ ابھی تک ان کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں۔ اب کوئی این آر او نہیں ہو گا۔ ٹی وی انٹرویو میں انہوںنے کہا کہ شہبازشریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں ۔وہ اپنے بھائی کو بھی ٹرک بتی کے پیچھے لگا کر رکھنا چاہتے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کو بھی ناراض نہیں کرنا چاہتے۔شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف کا احتجاج میں شامل نہ ہونا بھی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ پیپلزپارٹی بھی جلد احتجاج والوں سے راستے جدا کرے گی۔ اس کے بعد مولانا فضل الرحمان اور اے این پی سڑکوں پر رسوا ہوتے پھریں گے۔ پاکستانی قوم اب مزید بے وقوف نہیں بنے گی۔ ان کی اصلیت سامنے آ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان22سال تک محنت سے موجودہ مقام حاصل کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کےلئے ایسے شخص کا نام سامنے لائیں گے جو کارکردگی دکھا سکے۔