شہبازشریف کے داماد بھی اشتہاری قرار
لاہور .... احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے داماد عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دے دیا۔لاہور کی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل کے ملزم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کے داماد عمران علی یوسف کے خلاف کیس کی سماعت کی ۔ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ پیش ہوئے۔ عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دینے کے لئے عدالت میں درخواست جمع کرائی۔درخواست میں موقف پیش کیا گیا کہ عمران علی یوسف کو پنجاب پاور کمپنی میں مبینہ کرپشن کے الزام میں بارہا طلب کیا گیا لیکن وہ متعدد بار پیش نہ ہوئے۔ چیئرمین نیب نے ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے۔ اب بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں۔عدالت سے استدعا ہے کہ عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دیا جائے ۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے نیب کی استدعا پر عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دے دیا۔واضح رہے کہ عمران علی یوسف پر آمدن سے زائد اثاثہ جات، گلبرگ کے علاقے میں کمرشل پلازہ کی ملکیت اور پاور کمپنی کیس میں کرپشن میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔