ڈائریکٹر جنرل جوازات نے جدہ حج ٹرمینل کا دورہ کرکے عازمین کو خوش آمدید کہا
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) محکمہ پاسپورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک 8 لاکھ 35 ہزار سے زائد عازمین حج مملکت پہنچ چکے ۔ جدہ کے علاوہ مدینہ منورہ اور بری و سمندری راستوں سے عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل جوازات نے جدہ حج ٹرمنل کا دورہ کیا اس موقع پر انہو ںنے عازمین حج کو خوش آمدید بھی کہا اور حج ٹرمنل پر فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ ڈائریکٹر جنرل جوازات کے ہمراہ ائیر پورٹ سیکیورٹی فورس اور حج ٹاسک فورس کے عہدیداروں کے علاوہ ائیر پورٹ کنٹرول اتھارٹی کے اعلی عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ذرائع نے اردونیوز کو بتایا کہ ملائیشیا سے آنے والے عازمین حج جن کا امیگریشن کا پراسس انکے ملک میں ہی کر دیا گیا تھا جس سے کافی سہولت ہوئی اور عازمین محض بار کوڈ اسکین کر کے امیگریشن سے فارغ ہو گئے ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ گزشتہ برس ملائیشیا سے آنے والے چند عازمین پر کیا گیا تھا جو کامیاب رہا جس پرامسال اس کا دائر ہ کار بڑھا دیا گیاہے ۔ آئندہ برس مزید ممالک کے عازمین کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی ۔