مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،نبیل گبول
کراچی... پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سردار نبیل گبول نے کہا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پرپیش آنے والے واقعہ میں مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ویڈیو بیان میں نبیل گبول نے کہا کہ ویڈیو میں دیکھا جانے والا شخص نشے کی حالت میں دبئی ائیرپورٹ پر پاکستانی سیاستدانوں کو مغلظات بک رہا تھا۔ میں اسے جانتا بھی نہیں۔ اسے منع کیا اور سمجھانے کی کوشش کی کہ ایک غیر ملکی سرزمین پر پاکستانی سیاستدانوں کو برا بھلا مت کہیں مگر وہ نہیں مانا ، میرے سمجھانے پر اس نے مجھے بھی برا بھلا کہا تاہم میں نے وہاں خاموشی اختیار کی ۔ سوچا کہ ایک غیر ملک میں پاکستانی شہری کی جانب سے پاکستانی سیاستدانوں کے بارے میں برا بھلا کہا جانا اچھی بات نہیں تاہم وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا۔ اس شخص نے طیارے میں ائیرہوسٹس کے ساتھ بھی بدتمیزی کی۔نبیل گبول نے کہا کہ بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی بلکہ اس نے کراچی ائیرپورٹ پر پہنچ کر دوبارہ وہی حرکت دہرائی اور مجھ سے الجھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ مغلظات میں نے نہیں بلکہ جھگڑا کرنے والے شخص اور دیگر مسافروں کی جانب سے بکیں گئیں۔وائرل ہونے والی وڈیو میں میری آواز نہیں ہے۔